حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے 13 آبان استکبار جہاں سے مقابلے کے قومی دن کے موقع پر ایک بیان جاری کیا ہے جس کا تفصیلی متن کچھ یوں ہے۔
13آبان یوم اللہ،استکبار اور ظلم و کفر کے خلاف قیام کا دن ہے جس کی بنیاد نعرۂ "أشِدّاءُ عَلَی الکُفّار" پر ہے۔یہ دن ملت ایران کی تاریخ میں امریکہ کے خلاف جدوجہد کے پرچم بردار امام خمینی (رح) کے نام سے منسوب ہے اور یہ دن ملت ایران کی تاریخ میں موجود استقامت اور جرأت مندانہ بہت سے واقعات اور دروس کی یاد دلاتا ہے جن سے ہمیں سبق حاصل کرنے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم امام شہداء امام خمینی(رح)اور اسکول کے شہداء کی عظیم یادوں کی تجلیل اور حفاظت کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے۔
استکبار کی مخالفت قرآنی،عین منطقی اور عقلی بنیادوں پر مبنی ہے اور استکبار مخالف ثقافت کو مذہبی ثقافت کے طور پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران آج اپنی طاقت کے اجزاء کو استعمال کرتے ہوئے تسلط کے نظام کے خلاف دو ٹوک منطقی اور عقلی مؤقف رکھتا ہے اور اس حق پر مبنی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
اگرچہ 13 آبان ایرانی عوام کا قومی دن ہے لیکن آج استکبار جہاں اور امریکہ کے خلاف جدوجہد ایک عالمی تحریک بن چکی ہے۔
دنیا کی آزاد قومیں ایرانی قوم کے استکبار مخالف نعروں کی بنیادوں اور نوعیت کو سمجھتی ہیں اور تسلط پسند نظاموں کے خلاف جدوجہد میں ہماری قوم کا ساتھ دیتی ہیں۔
اسلامی نظام نے اپنے اقتدار اور وقار کے مطابق رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فعال اور ہوشیاری سے امریکی ظلم و بربریت کا مقابلہ کیا ہے اور آج یہ نظام خطے میں ایک اہم اور طاقتور نظام کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
انقلاب اسلامی،تمام مظلوموں کے واضح اور دیانتدارانہ دفاع میں،دینی اور قرآنی اصولوں کا پابند ہے اور استکباری جدوجہد سے ایک لمحے کے لئے بھی بے خبر نہیں رہے گا۔ہماری وفادار اور انقلابی قوم تسلط پسند نظام کی چالوں اور استکبار کی گھناؤنی سازشوں کو بھی پہچانتی ہے اور امریکہ کے جرائم کو فراموش نہیں کرے گی۔ایران پر فوجی یلغار، ظالمانہ پابندیاں،سیاسی اور سیکورٹی فتنے،دلوں کے سردار الحاج قاسم سلیمانی کا قتل اور حالیہ بحری خلاف ورزی اور ایرانی تیل بردار بحری جہاز پر حملہ،جس سے امریکہ کو یقیناً ایک نئی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،یہ سب امریکی جرائم کی واضح مثالیں ہیں۔
ہماری قوم نے امریکہ کے زیادہ تر دباؤ کو ناکام بنایا ہے اور یہ قوم امریکہ کو ہر میدان میں شکست سے دوچار کرے گی۔اسلامی جمہوریہ ایران مظلوم لوگوں کو مارنے،دہشت گردی کی حمایت،حقوق بشر کی خلاف ورزی اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع کرنے والے ہتھیاروں کے استعمال جیسے معاملات میں امریکہ کو مجرم قرار دیتا ہے اور امریکی طاغوت اور ظلم و بربریت کے مقابلے میں ایران کے ہاتھ مضبوط اور طاقتور ہیں۔(إن الباطل کان زهوقا)
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کی سپریم کونسل کے چیئرمین
سید ہاشم حسینی بوشہری
۲۷ربیع الاول۱۴۴۳